لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقے زیر آب، بھارت سے نیا سیلابی ریلا آج چناب میں داخل ہوگا

لاہور(رم نیوز)پنجاب بھر میں شدید مون سون بارشوں اور بھارت کی جانب سے ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے باعث دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی سے تباہی مچ گئی۔ لاہور کے نشیبی علاقوں سمیت صوبے کے متعدد اضلاع زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ بھارت سے آج شام دریائے چناب میں ایک اور انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا ہیڈ تریموں پر داخل ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 1692 دیہات زیر آب آ چکے ہیں، اور 14 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ زرعی زمینوں اور اہم فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔لاہور میں راوی کے سیلابی پانی نے شاہدرہ، چوہنگ، بادامی باغ، شفیق آباد، برکت کالونی سمیت کئی علاقے متاثر کیے ہیں۔ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔چنیوٹ، حافظ آباد، جھنگ، نارووال، بہاولپور، قصور، ساہیوال سمیت دیگر اضلاع میں بھی حفاظتی بند ٹوٹنے اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے صورتِ حال سنگین ہو گئی ہے۔ کئی علاقوں میں ریلوے ٹریک اور سڑکیں زیر آب آ چکی ہیں۔

راول ڈیم کے سپل وے بھی کھول دیے گئے ہیں جبکہ نیا مون سون سسٹم آج سے ملک بھر میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے سیلابی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیف سٹی اتھارٹی کے ڈرونز کے ذریعے ریسکیو آپریشنز کو مؤثر قرار دیا ہے۔