دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلاب، چوہنگ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی زیر آب

لاہور (رم نیوز)دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شاہدرہ کے مقام پر صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔سیلابی پانی ملتان روڈ چوہنگ کے قریب واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہو گیا، جس سے متعدد مکانات متاثر ہوئے۔

انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں سے انخلا شروع کر دیا ہے، جبکہ مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ فرخ آباد کے دو سرکاری اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو کھانے سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق، دریائے راوی میں سائفن شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں 2 لاکھ 20 ہزار 627 کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شاہدرہ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 15 ہزار 550 کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔