نیویارک (رم نیوز)نیویارک سے شائع ہونے والے امریکی اخبار سٹریٹجک آؤٹ لک نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مستقل مزاجی اور قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گہرا تاثر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہنے کے بعد امریکی مؤقف میں تبدیلی دیکھنے میں آئی، جبکہ پاک بھارت جنگ بندی پر بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے سخت ردعمل نے صدر ٹرمپ کو مشتعل کر دیا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ بھارت کی منفی حکمت عملی اور بھارتی طیارے گرنے جیسے واقعات کے بعد واشنگٹن میں پاکستان کے لیے نرم گوشہ پیدا ہوا۔ نریندر مودی اپنا طے شدہ امریکی دورہ نہ کر سکے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر مدعو کیا۔امریکہ نے بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے کو دہشت گرد قرار دیا اور بھارت کو پاکستان میں مداخلت سے باز رہنے کا پیغام بھی دیا۔
اخبار کے مطابق ہنگامہ خیز خطے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک ایسے رہنما کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو پُرامن، باوقار اور مشکل فیصلوں میں مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔