اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کا نیو نارمل کا بیانیہ اب دفن ہو چکا ہے اور اگر بھارت سے مذاکرات کیے جائیں گے تو وہ صرف برابری کی بنیاد پر ہوں گے۔
چین روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ہمارا مطالبہ تھا کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائی کرے، ٹی ٹی پی کو پاکستان کے حوالے کرے یا اپنی سرحدوں سے دور لے جائے۔ افغانستان کی جانب سے جو احتجاجی مراسلہ آیا ہے، اس کی وجوہات کو ہم دیکھیں گے۔بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت مذاکرات کا خواہاں ہے تو ٹھیک ہے، ورنہ کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ پاکستان کسی پر مذاکرات کی زبردستی نہیں کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان اور آرمینیا کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے مسائل کے حل کے بعد پاکستان کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔