پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 31 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ

لاہور (رم نیوز)پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع سے اب تک 31 ہزار سے زائد افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم افراد کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 11 ہزار 362 مرد، 6 ہزار 426 خواتین اور 19 ہزار 366 بچے شامل ہیں، جبکہ 165 مزید افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس میں موجود ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واپس بھیجے جانے والوں میں 9 ہزار 931 افراد کسی نہ کسی نوعیت کے رہائشی ثبوت رکھتے تھے، 11 ہزار 64 افراد افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تھے اور 10 ہزار 16 افراد مکمل طور پر بغیر دستاویزات کے مقیم تھے۔

غیر قانونی رہائش کے خلاف آپریشن کے لیے لاہور سمیت صوبے بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں اسکریننگ اور دستاویزی عمل کے بعد افراد کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔