ڈگری کیس میں جسٹس طارق جہانگیری کے اعتراضات خارج، دو رکنی بنچ برقرار

اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈگری کیس میں جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے اٹھائے گئے دو اعتراضات مسترد کر دیے ہیں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے فیصلہ دیا کہ معاملے کی نوعیت اور حساسیت کے پیش نظر بنچ کی تشکیل چیف جسٹس کا صوابدیدی اختیار ہے۔

عدالت نے چیف جسٹس پر تعصب کے الزام کو بھی قانونی بنیاد سے محروم قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ جج پر اعتراض اور بنچ سے علیحدگی کے اصول پر اعلیٰ عدلیہ کے واضح فیصلے موجود ہیں۔عدالت نے جسٹس طارق جہانگیری کو درخواست کا مکمل ریکارڈ اور یونیورسٹی کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب فراہم کرنے کا حکم دیا، جبکہ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو فریق بنانے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔