پشاور(رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا اچانک دورہ کیا جہاں شہریوں نے ہسپتال انتظامیہ اور عملے کے خلاف متعدد شکایات درج کرائیں۔ شہریوں نے بتایا کہ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ عملہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری محکموں میں دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی ڈاکٹر یا عملے کو ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرتے دیکھیں تو اس کی ویڈیو بنا کر ارسال کریں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ شکایت سیل کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ عوامی شکایات پر فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی سخت ہدایات جاری کیں۔