بنگلہ دیش میں انتخابی مہم کا وقت ختم: 12 فروری کو 299 حلقوں میں پولنگ ہو گی

ڈھاکہ (رم نیوز) بنگلہ دیش میں 13ویں پارلیمانی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا شور تھم گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق، ووٹنگ سے 48 گھنٹے قبل مہم روکنے کی ڈیڈ لائن منگل کی صبح 7:30 بجے ختم ہوگئی، جس کے بعد اب ملک بھر میں خاموشی اور پولنگ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

جمعرات، 12 فروری کو صبح 7:30 بجے سے شام 4:30 بجے تک بلا تعطل ووٹنگ ہوگی۔مجموعی طور پر تقریباً 2,000 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 250 سے زائد آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

شیخ حسینہ واجد کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد یہ پہلے انتخابات ہیں جس میں ان کی جماعت 'عوامی لیگ' پر پابندی کے باعث وہ انتخابی عمل سے باہر ہے۔ کمیشن کے مطابق، 14 فروری کی شام تک کسی بھی حلقے میں عوامی جلسوں، اجتماعات یا جلوسوں پر مکمل پابندی رہے گی۔

یہ انتخابات بنگلہ دیش کی سیاسی تاریخ میں اس لیے بھی اہم ہیں کیونکہ یہ ایک طویل سیاسی بحران اور سابقہ حکومت کے خاتمے کے بعد منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ملک کے 300 پارلیمانی حلقوں میں سے 299 میں بیک وقت پولنگ ہوگی، جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔