پشاور (رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں عوام کی فلاح و بہبود اور انتظامی امور سے متعلق 30 نکاتی ایجنڈے پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔رمضان سپورٹ پیکج 2026: حکومت نے رمضان المبارک کے دوران بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلع ٹانک میں نئی تحصیل "ٹانک ٹو" کے قیام اور قرآن بورڈ کی ازسرنو تشکیلِ نو کی منظوری دی جائے گی۔ لیویز شہداء کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے کی اضافی گرانٹ اور جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر کے لیے خصوصی فنڈز ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ ڈی آئی خان ہسپتال کے لیے تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ، نوشہرہ میں ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور صوبے کے 958 اسکولوں میں آئی ٹی لیبز فعال کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور آئے گا۔
کابینہ اجلاس میں خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی (2026-2030) سمیت کالاش اور ہندو میرج ترمیمی بلز 2025 بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، حلقہ بندیوں کے شیڈول اور مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے زمین کی منتقلی جیسے معاملات پر بھی حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔