اوورسیز پاکستانیوں اور سیاحوں کے لیے بڑی سہولت، 120 دن تک موبائل فون استعمال کرنا ٹیکس فری قرار

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے "عارضی موبائل رجسٹریشن" کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس اقدام کے تحت اب مسافر پاکستان آمد پر اپنے ذاتی موبائل فون بغیر کسی ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے 120 دن تک استعمال کر سکیں گے۔اس نئی پالیسی کا مقصد سیاحوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں قیام کے دوران مقامی سم استعمال کرنے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔یہ ٹیکس فری رجسٹریشن ہر بار پاکستان آنے پر دوبارہ حاصل کی جا سکتی ہے، بشرطیکہ ہر دورے پر نئی درخواست جمع کرائی جائے۔ صارفین پی ٹی اے کے آن لائن پورٹل، موبائل کوڈ #8484* یا کسی بھی موبائل کمپنی کی فرنچائز پر جا کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

درخواست کے لیے موبائل کا آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبر، پاسپورٹ نمبر، این آئی سی او پی (NICOP) اور آمد و روانگی کی تاریخ فراہم کرنا ہوگی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے سے موبائل فونز کی سمگلنگ میں کمی آئے گی اور قانونی طریقے سے ڈیوائسز کے استعمال کو فروغ ملے گا۔پی ٹی اے نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک مختصر ٹیوٹوریل ویڈیو بھی جاری کی ہے تاکہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید سادہ اور شفاف بنایا جا سکے۔