کے پی کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا، سیاست کے لیے کسی کے در پر نہیں جاؤں گا: سہیل آفریدی

پشاور (رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ وہ ذاتی سیاست کے لیے کسی کے در پر نہیں جائیں گے، تاہم جہاں صوبے کے عوام کا مفاد ہوگا وہاں وہ ضرور بیٹھیں گے۔پشاور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اہم نکات بیان کیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے فرسودہ اور "آؤٹ ڈیٹڈ" کورسز بے روزگاروں کی فوج تیار کر رہے تھے، جنہیں اب جدید تقاضوں کے مطابق تبدیل کیا جا رہا ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو ہمیشہ تجربہ گاہ بنایا گیا جس سے یہاں کے ٹیلنٹ کو مواقع نہیں مل سکے، مگر اب وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے امن و امان کو صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم سے ملاقات ہو چکی ہے اور آج سکیورٹی فورسز کے ساتھ بھی اہم بیٹھک طے ہے۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے 400 ارب روپے سے زائد کے بقایا جات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔ تقریب کے آخر میں وزیراعلیٰ نے کامیاب ہونے والے 620 طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور گولڈ میڈلز بھی تقسیم کیے۔