امن دشمنوں سے کوئی رعایت نہیں: وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کا ڈی آئی خان حملے پر سخت ردعمل، دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم

پشاور (رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے خیبر پختونخوا پولیس کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے حالیہ واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت شہداء کے سوگوار خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مالی و سماجی معاونت کی جائے گی۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق حقائق چھپانا اور انہیں ڈاکٹروں یا فیملی سے ملنے نہ دینا بنیادی انسانی حقوق اور آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سہیل آفریدی نے اپنے بیان کے آخر میں اعادہ کیا کہ صوبے میں مکمل امن کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے سکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے اور امن دشمن عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے حکمتِ عملی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔