ڈھاکہ (رم نیوز)بنگلہ دیش میں 15 سالہ طویل اقتدار کے بعد شیخ حسینہ واجد کی جماعت کے خاتمے کے بعد ہونے والے پہلے عام انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے غیر سرکاری نتائج کے مطابق شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 300 نشستوں پر مشتمل پارلیمان میں بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ان کی حریف جماعت اسلامی 70 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جبکہ دیگر جماعتیں معمولی نشستیں حاصل کر سکیں۔ ووٹنگ کا تناسب 60 فیصد رہا۔
بی این پی کے سربراہ طارق رحمان اپنی دونوں نشستوں سے کامیاب ہو گئے ہیں اور ملک کے اگلے وزیر اعظم بننے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو جشن منانے کے بجائے عبادگاہوں میں جا کر شکرانے کی نماز ادا کرنے کی تلقین کی ہے اور امن و امان کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے شکست تسلیم کر لی ہے، جبکہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے ان انتخابات کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور امریکہ نے بی این پی کی قیادت کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔