افغان سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مطالبہ

نیویارک(رم نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔

اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران پاکستان میں بی ایل اے اور داعش نے بزدلانہ کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 80 معصوم شہری جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کی گئی۔

پاکستانی مندوب نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروپوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور انسداد دہشت گردی کے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی طالبان پر پابندیوں کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے، جس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔