اسلام آباد (رم نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں منعقدہ عام انتخابات کے کامیاب انعقاد اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اتحاد کی شاندار کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے بی این پی کے رہنما طارق رحمان کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیشی عوام کو پرامن انتخابات پر سراہا۔ صدر دفتر کے اعلامیہ کے مطابق، پاکستان نے جمہوری شراکت داری اور باہمی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عوام کی جانب سے طارق رحمان کو مبارکباد دی اور بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنا کر جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جائے گا۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی اتحاد نے 300 میں سے 212 نشستیں حاصل کر لی ہیں، جبکہ جماعت اسلامی 70 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ الیکشن میں ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے علاوہ، 67 فیصد ووٹروں نے آئینی اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا ہے۔