سپرہائی وے حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، مزید ایک بچہ دم توڑ گیا

کراچی (رم نیوز)کراچی میں سپرہائی وے پر کاٹھور کے قریب پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ دورانِ علاج ایک اور زخمی بچہ دم توڑ گیا، جبکہ 5 افراد تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ایدھی حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والا 3 سالہ عمران ولد عامر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس سے قبل حادثے کے نتیجے میں 12 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق کوٹری کے محسود قبائل سے تھا، جو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر لوٹ رہے تھے۔ حادثہ تیز رفتار آئل ٹینکر کی وجہ سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹینکر کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گیا۔

جاں بحق بچوں اور دیگر افراد کی میتیں ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئی ہیں، جنہیں آج ہی آبائی علاقوں حیدرآباد اور کوٹری منتقل کر کے تدفین کی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کے اہل خانہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔