کولمبو(رم نیوز)ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑے ٹاکرے پر بارش کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ جہاں شائقین کرکٹ اس میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، وہیں سری لنکن محکمہ موسمیات کی پیش گوئی نے رنگ میں بھنگ ڈالنے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کولمبو میں میچ کے آغاز (شام 7 بجے) سے قبل شدید بارش کا امکان ہے، جس کے باعث ٹاس میں تاخیر اور اوورز میں کمی ہو سکتی ہے۔ رات 8 بجے کے بعد موسم میں معمولی بہتری کی توقع ہے، تاہم وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اگر میچ بارش کی نذر ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کے خلاف مکمل پلان تیار ہے اور اسپنر عثمان طارق ٹیم کے "ٹرمپ کارڈ" ثابت ہوں گے۔بولنگ ایکشن پر دفاع: کپتان نے کہا کہ عثمان طارق کا ایکشن دو بار کلیئر ہو چکا ہے، سمجھ نہیں آتا کہ بار بار سوال کیوں اٹھایا جاتا ہے۔
سلمان علی آغا نے واضح کیا کہ بابر اعظم رنز کر رہے ہیں اور ان کی فارم پر ٹیم کو کوئی تشویش نہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں رہا، لیکن اس بار ٹیم نے ماضی سے سیکھ کر نئی حکمت عملی تیار کی ہے۔
دوسری جانب، بھارتی بیٹرز پر عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن کا خوف طاری نظر آتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی اوپنر ایشان کشن اور دیگر بیٹرز نے نیٹ سیشن کے دوران عثمان طارق جیسا ایکشن رکھنے والے بولرز کے سامنے خصوصی پریکٹس کی۔بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اعتراف کیا کہ عثمان طارق ایک مختلف کرکٹر ہیں، تاہم انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی ٹیم نے پاکستانی سپنرز کے خلاف پلان تیار کر رکھا ہے اور وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔