بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ، میڈیکل ٹیم کا علاج پر اطمینان

راولپنڈی(رم نیوز) اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں میڈیکل ٹیم نے ان کے علاج کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے تقریباً ایک گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے عمران خان کی دائیں آنکھ کے علاج پر مثبت رپورٹ دیتے ہوئے بتایا کہ جاری علاج سے آنکھ کی حالت میں بہتری آئی ہے اور اس کے مکمل طور پر ٹھیک ہونے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

طبی رپورٹ: ماہر ڈاکٹرز اپنی تفصیلی رپورٹ مکمل کر کے حکومت کے حوالے کریں گے۔ طبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم جیل سے روانہ ہوگئی۔ ڈاکٹرز نے فی الحال موجودہ طبی سہولیات اور علاج کے نتائج کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔