"بورڈ آف پیس" غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے 5 ارب ڈالرز دے گا:صدر ٹرمپ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں پائیدار امن اور بحالی کے لیے "بورڈ آف پیس" کے قیام اور بھاری مالیاتی فنڈز کا اعلان کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک غزہ کے لیے 5 ارب ڈالرز فراہم کریں گے۔

یہ خطیر رقم خصوصی طور پر غزہ کی تعمیرِ نو اور انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔ رکن ممالک نے بین الاقوامی استحکام فورس اور مقامی پولیس کے لیے اہلکار فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے تاکہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جا سکے

۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ حماس کو طے شدہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا اور اپنا اسلحہ چھوڑنا ہوگا۔ امریکی صدر نے "بورڈ آف پیس" کو تاریخ کا سب سے مؤثر بین الاقوامی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔صدر ٹرمپ کے اس بیان کو غزہ کی صورتحال میں ایک بڑی سفارتی اور معاشی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔