ڈھاکہ (رم نیوز) بنگلہ دیش کی تیرہویں "جاتیہ سنگسد" (قومی پارلیمنٹ) کے نومنتخب ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم نصیر الدین نے ارکانِ پارلیمان سے حلف لیا، جن میں نامزد وزیراعظم طارق رحمان بھی شامل تھے۔ حالیہ عام انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے اتحادیوں نے 212 نشستیں حاصل کر کے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت ثابت کر دی ہے۔
ارکانِ پارلیمان رسمی طور پر طارق رحمان کو وزیراعظم منتخب کرنے کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان آج شام بطور وزیراعظم حلف اٹھائیں گے۔وزیراعظم کے ساتھ ان کی نئی کابینہ بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھائے گی، جس کی تقریب میں ملکی و غیر ملکی شخصیات شریک ہوں گی۔ بنگلہ دیش میں اس بڑی سیاسی تبدیلی کے موقع پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اس تاریخی تقریب میں شرکت کے لیے ڈھاکہ میں موجود ہیں۔ احسن اقبال حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے علاوہ بنگلہ دیشی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔