"طالبان کے خلاف ہر ضرب خوش آئند ہے":افغان عوام اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کی پاکستان کے حق میں آواز

کابل / اسلام آباد (رم نیوز افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف پاکستانی فضائی کارروائیوں کو افغان عوامی حلقوں اور مزاحمتی تحریک کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ افغانستان کے نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (NRF) نے ان کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی کو خطے کے لیے خوش آئند قرار دے دیا ہے۔

نیشنل ریزسٹنس فرنٹ کے سینیئر رہنما اور سابق افغان وزیر فضل احمد مناوی نے اپنے ایک پُراثر بیان میں کہا کہ افغان طالبان ایک ظالم گروہ ہے اور ان کے ٹھکانوں پر لگنے والی ہر ضرب دراصل ظلم کے خاتمے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ فضل احمد مناوی نے واضح کیا کہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بہترین اور برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے۔

افغان عوامی تحریکوں کا کہنا ہے کہ طالبان کی پالیسیاں نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے امن و امان کے لیے خطرہ بن چکی ہیں، اس لیے ان کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں افغانستان کے سرحدی علاقوں میں 'فتنہ الخوارج' اور ان کے سہولت کاروں کے 7 ٹھکانے تباہ کیے ہیں۔ افغان عوام کی جانب سے اس کارروائی کی حمایت ثابت کرتی ہے کہ عام افغان شہری بھی دہشت گردی کے خلاف جاری اس جدوجہد میں پاکستان کے موقف کو درست سمجھتے ہیں۔