بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں: جنوبی افریقہ نے ناقابلِ شکست رہنے کا طلسم توڑ دیا، 76 رنز سے عبرتناک شکست

احمد آباد (رم نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ان کی مسلسل 12 فتوحات کے ریکارڈ کو بریک لگا دیا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس یکطرفہ مقابلے میں بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا دلیرانہ فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز کا پہاڑ کیا۔ڈیوڈ ملر 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ڈیوالڈ بریسویس نے 45 اور اسٹبس نے 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر بھارتی باؤلرز کی لائن و لینتھ بگاڑ دی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ نے 3 اور ارشدیپ سنگھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 188 رنز کے تعاقب میں بھارتی بلے باز جنوبی افریقی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ مارکو ینسن کی تباہ کن باؤلنگ نے بھارتی ٹاپ آرڈر کی کمر توڑ دی۔ شیوم دوبے کے 42 رنز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز مزاحمت نہ کر سکا۔ ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادو صرف 18، 18 رنز ہی بنا سکے۔مارکو ینسن نے 4، کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پوری بھارتی ٹیم 19 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔ یہ 2024 کے ورلڈکپ میں بھارت کی پہلی شکست ہے، جس نے ان کے ناقابلِ شکست رہنے کے سلسلے کو ختم کر دیا ہے۔ مزید برآں، ہدف کے تعاقب میں یہ بھارت کی تاریخ کی دوسری بڑی شکست ہے؛ اس سے قبل 2019 میں نیوزی لینڈ نے انہیں 80 رنز سے شکست دی تھی۔