پشین میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: 5 دہشت گرد ہلاک، خودکش حملہ ناکام

راولپنڈی(رم نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ مزید 4 دہشت گرد فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد بیرونی سرپرستی میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ یہ کارروائی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ "ویژن عزمِ استحکام" کے تحت کی گئی ہے۔