امریکہ ایران مذاکرات، جنیوا میں تیسرا دور جمعرات کو ہوگا، عمان کی تصدیق

جنیوا/مسقط(رم نیوز)عمان کے وزیرِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا تیسرا دور رواں ہفتے جمعرات کو جنیوا میں منعقد ہوگا۔ عمان، جو دونوں حریف ممالک کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، نے اس نشست کو معاہدے کو حتمی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ اس سے قبل 17 فروری کو جنیوا میں ہونے والی دوسری نشست کے بعد دونوں جانب سے ملے جلے مگر حوصلہ افزا بیانات سامنے آئے تھے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان "بنیادی اصولوں پر مفاہمت" طے پا گئی ہے اور اب فریقین معاہدے کے ممکنہ مسودوں کا تبادلہ کریں گے۔ دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اب بھی صدر ٹرمپ کی طے کردہ چند 'ریڈ لائنز' کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ امریکہ فی الحال سفارتی راستہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم یہ صدر ٹرمپ ہی طے کریں گے کہ سفارت کاری کب ترک کرنی ہے۔