ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کی ریکارڈ ساز بیٹنگ، زمبابوے کو 107 رنز سے عبرتناک شکست ،تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ترتیب دے دیا

ممبئی (رم نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف چھکوں کی بارش کر کے کرکٹ کی تاریخ رقم کر دی، وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کیریبیئن بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 254 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے زمبابوے کو 107 رنز سے عبرتناک شکست دے دی۔

ویسٹ انڈیز کا 254 رنز کا سکور ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ بن گیا ہے۔ اننگز کے دوران مجموعی طور پر 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔ شیمرون ہیٹ مائر نے محض 34 گیندوں پر 85 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان رومین پاول نے 59 اور شیرفین ردرفورڈ نے 31 رنز بنا کر اسکور بورڈ کو سہارا دیا۔ 255 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مکمل طور پر بے بس نظر آئی اور ویسٹ انڈیز نے یہ میچ یکطرفہ مقابلے کے بعد 107 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کر لیا۔