امریکہ میں صدی کا بدترین برفانی طوفان: 11 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ، 11 ہزار پروازیں منسوخ، 40 ملین سے زائد افراد موسمی الرٹ کی زد میں

واشنگٹن (رم نیوز)امریکہ کی متعدد ریاستیں اس وقت شدید ترین برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں، جس نے نظامِ زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ نیویارک، نیوجرسی، پنسلوانیا اور میساچوسٹس سمیت 11 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ 40 ملین سے زائد افراد موسمی الرٹ کی زد میں ہیں۔ بعض علاقوں میں 22 انچ سے زائد برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیویارک میں 9 برس بعد 'بلزرڈ وارننگ' جاری کی گئی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق 60 کی دہائی کے بعد ایسی شدید برفباری نہیں دیکھی گئی۔

تیز ہواؤں اور برف گرنے کے باعث 5 لاکھ سے زائد صارفین بجلی کی فراہمی سے محروم ہو چکے ہیں۔ طوفان کے باعث اب تک 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں، جبکہ جے ایف کے اور نیوارک ایئرپورٹس پر آپریشنز بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ نیویارک اور نیوجرسی میں غیر ضروری سفر پر پابندی عائد ہے، ٹرین اور بس سروسز محدود کر دی گئی ہیں۔ بیشتر شہروں میں سکول بند کر کے آن لائن کلاسز شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ برفباری کا سلسلہ مزید جاری رہ سکتا ہے، لہٰذا گھروں تک محدود رہا جائے۔