کینڈی (رم نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے اعصاب شکن معرکے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ انگلش کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری نے شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کو رائیگاں کر دیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 164 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان (63) اور بابر اعظم (25) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔
مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا جہاں محمد نواز صفر اور عثمان خان صرف 8 رنز بنا سکے۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بھی تباہ کن تھا، فل سالٹ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے، لیکن کپتان ہیری بروک نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور تن تنہا 100 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی دہلیز پر پہنچادیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد پاکستان کے لیے یہ جیت لازمی تھی، تاہم اس شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔