اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف قطر کا کامیاب سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک اور معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امیرِ قطر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ سٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس اہم بیٹھک میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اپنے قیام کے دوران قطر کے وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیرِ مملکت برائے بیرونی تجارت سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد سے بھی خصوصی ملاقات کی، جس کا مقصد پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور تجارتی حجم میں اضافہ کرنا تھا۔