روم (رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اپنے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے بڑے مواقع اور سفری سہولیات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اٹلی نے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لیے 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی درخواست پر اطالوی حکام نے پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزے سے استثنیٰ دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ دونوں ممالک نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کو روکنے کے لیے سکیورٹی تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ اطالوی وزیر نے پنجاب پولیس کے 'خدمت مراکز گلوبل' کی افادیت کو سراہا اور اسے عوامی سہولت کے لیے بہترین ماڈل قرار دیا۔اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔