لاہور (رم نیوز) پنجاب کے نئے بلدیاتی ایکٹ 2025 کے تحت لاہور سمیت صوبہ بھر میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس نئی حد بندی کی سب سے اہم خصوصیت لاہور کو سو فیصد شہری علاقہ (Urban Area) قرار دینا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق نئی حد بندیوں کے بعد اب لاہور میں کوئی دیہی علاقہ تصور نہیں ہوگا، بلکہ پورے ضلع کو اربن ایریا ڈکلیئر کر دیا گیا ہے۔
لاہور کو د س ٹائون کارپوریشنز میں تقسیم کیاگیا ہے۔ ہر ٹائون کے تحت کم وبیش 50 یونین کونسلز ہوں گی۔ ٹائون کارپوریشنز میں 50 یونین کونسل چیئرمین بطور ممبر شامل ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق نئی حد بندی کی تکمیل پر لاہور میں مجموعی طور پر 500 یونین کونسلز بنیں گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے اس سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔حد بندیوں کی مکمل رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔