لاہور(رم نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں سکیورٹی میں خلل ڈالنے کے خدشات کے پیشِ نظر ڈرون اڑانے پر فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت پورے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق آئندہ ایک ماہ تک رہے گا۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق، حکومت نے سکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سخت فیصلہ کیا ہے ۔ صوبے بھر میں کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے استعمال کی مشروط اجازت ہوگی۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلیجنس ایجنسیاں سکیورٹی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی مجاز ہوں گی۔حکومتی احکامات کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے پابندی پر عمل درآمد کے لیے خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ شہر کی بلند عمارتوں اور حساس تنصیبات پر اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ڈرون کی موجودگی کا فوری سراغ لگایا جا سکے۔ میٹرو بس ٹریک اور اہم عوامی مقامات کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی عوامی جان و مال کے تحفظ اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے۔