قبائل سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں، امن ہوگا تو ہی ترقی آئے گی: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

کوئٹہ(رم نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے کے تمام قبائل پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے سکیورٹی فورسز کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی کا راستہ صرف اور صرف امن کے قیام سے جڑا ہوا ہے۔بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے بلیدہ میں خواتین کے قتل کے حالیہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا مشترکہ ذمہ داری: تمام قبائل کو چاہیے کہ وہ شرپسند عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں تاکہ ایسے بزدلانہ واقعات کا سدِباب ہو سکے۔ وزیراعلیٰ نے بیکڑ اور ڈیرہ بگٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے قبائل نے خود امن قائم کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر عوام چاہیں تو اپنے علاقوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ تربت میں ایک گھر پر فائرنگ سے خاتون سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدامنی پھیلانے والے صوبے کے دشمن ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کی صورتحال پر نظر رکھیں اور ریاست کا ساتھ دیں۔سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان کے ہر ضلع میں ترقی چاہتی ہے، لیکن اس کے لیے پہلی شرط امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں قبائل اور فورسز ایک پیج پر ہیں، وہاں کے لوگوں نے اپنی زندگیوں میں بہتری اور ترقی دیکھی ہے۔