چنئی (رم نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے زمبابوے کو 72 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدیں روشن رکھی ہیں۔چنئی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بیٹرز نے گراؤنڈ کے چاروں طرف چھکوں کی برسات کر دی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، جو موجودہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑاسکور ہے۔ ابھیشیک شرما نے 55، ایشان کشن نے 38 اور سنجو سیمسن نے 24 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا نے صرف 23 گیندوں پر 50 اور تلک ورما نے 16 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر زمبابوین بولرز کے پرکھچے اڑا دیے۔
257 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 184 رنز ہی بنا سکی۔ اوپنر برائن بینیٹ نے 97 رنز کی شاندار اور ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، لیکن پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ان کی یہ محنت رائیگاں گئی۔ ارشدیپ سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہاردک پانڈیا کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس گروپ سے جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ اب دوسرے سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ اتوار کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے "ناک آؤٹ" میچ میں ہوگا، جہاں جیتنے والی ٹیم براہِ راست اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی۔