پاک افغان کشیدگی, ایران کی ثالثی کی پیشکش، تہران کا دونوں ممالک کو مذاکرات کا مشورہ

تہران (رم نیوز ) ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں کابل اور اسلام آباد پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تمام تر اختلافات کو بات چیت اور حسنِ ہمسائیگی کے زریں اصولوں کے تحت حل کریں۔

رمضان المبارک کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر، برداشت اور اسلامی بھائی چارے کا درس دیتا ہے، لہٰذا فریقین کو کشیدگی کم کر کے مکالمے کو ترجیح دینی چاہیے۔ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی اور تعمیری بات چیت کے لیے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سرحد پر جاری کشیدگی کی وجہ سے خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔