اسلام آباد (رم نیوز) سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے دندان شکن کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں افغان فورسز شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کا بھرپور جواب دیا، جس سے وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
افغان طالبان اپنی ایک گاڑی میدانِ جنگ میں چھوڑ کر فرار ہو گئے، جسے پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی نے افغان طالبان کی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے اور وہ محاذ چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ سرحدوں کی خلاف ورزی اور کسی بھی قسم کی دراندازی کا جواب اسی سختی کے ساتھ دیا جائے گا۔