اسلام آباد/راولپنڈی(رم نیوز) پاک فضائیہ نے افغان طالبان رجیم کی مسلسل بلااشتعال جارحیت کے جواب میں افغانستان کے صوبہ لغمان میں انتہائی تباہ کن فضائی حملے کیے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں میں دشمن کا اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ کو مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے۔آپریشن 'غضب للحق' کے تحت پاک فضائیہ اور سیکیورٹی فورسز نے ہدف بنا کر دشمن کے عسکری ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔ صوبہ لغمان میں افغان فورسز کے کلیدی مراکز، بشمول بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ، فضائی بمباری میں مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
پاک فوج کی زمینی فورسز نے مہمند سیکٹر کے قریب ایک اور افغان چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر اسے مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج عالمی قوانین کے مطابق صرف عسکری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ دشمن کی جنگی صلاحیت کو مفلوج کیا جا سکے۔ سیکیورٹی ذرائع نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ جب تک مقررہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے، آپریشن 'غضب للحق' تاحال جاری رہے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کابل، پکتیا اور قندھار میں ہونے والی بمباری کے بعد افغان چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈے لہرائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔ تازہ کارروائیوں نے دشمن کے سپلائی چین اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔