سکیورٹی خدشات: وفاقی دارالحکومت میں ہنگامی صورتحال، پولیس فورس کی رخصت پر پابندی

اسلام آباد (رم نیوز) ملک میں حالیہ ہنگامی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے حکام نے تمام اعلیٰ افسران اور نگران عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے انہیں اپنی یونٹس میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، شہرِ اقتدار کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی سطح پر بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔ تمام نگران افسران کی پہلے سے منظور شدہ چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں اور اگلے حکم تک کسی بھی قسم کی نئی رخصت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ تمام متعلقہ افسران کو بلا تاخیر اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناگزیر صورتحال میں چھٹی صرف مجاز اتھارٹی کی خصوصی اجازت سے مشروط ہوگی۔ وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں سمیت حساس مقامات پر نفری بڑھا دی گئی ہے اور مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور پولیس فورس کسی بھی چیلنج کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے۔