ٹی 20 ورلڈ کپ: کوشال مینڈس میچ سے باہر،سیمی فائنل تک رسائی کا فارمولا طے، پاکستان کو سری لنکا کے خلاف ناممکن کو ممکن بنانا ہوگا

کولمبو (رم نیوز) نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست نے پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو تو زندہ کر دیا ہے، لیکن کینڈی میں ہونے والے آخری فیصلے کے لیے گرین شرٹس کو ایک انتہائی مشکل ہدف کا سامنا ہے۔ پاکستان کو اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے نہ صرف جیت بلکہ بھاری مارجن درکار ہے۔ رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو درج ذیل میں سے ایک ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ اگر پاکستان پہلے کھیلتا ہے تو اسے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کو مطلوبہ رنز صرف 13 اوورز میں مکمل کرنے ہوں گے تاکہ اس کا رن ریٹ مطلوبہ سطح تک پہنچ سکے۔ پاکستان کے خلاف بقا کی جنگ سے قبل میزبان سری لنکا کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے۔ سٹار بیٹر کوشال مینڈس ہیمسٹرنگ انجری کے باعث کل کے اہم میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

طبی ذرائع کے مطابق مینڈس 4 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور رہیں گے، جو میزبان ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ کینڈی میں ہفتے کو ہونے والا یہ میچ پاکستان کے لیے ’کرو یا مرو‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ پر فتح نے گرین شرٹس کے لیے راستہ تو ہموار کیا ہے، لیکن اب تمام تر انحصار بابر الیون کی کارکردگی پر ہے کہ وہ سری لنکا کے ہوم گراؤنڈ پر ان کڑی شرائط کے ساتھ فتح حاصل کر پاتے ہیں یا نہیں۔