سکیورٹی خدشات: ملک بھر میں ڈرون اور کواڈ کاپٹرز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزارتِ داخلہ نے ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ملک بھر میں ڈرون کیمروں اور کواڈ کاپٹرز کے استعمال پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے چیف کمشنر اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے

۔ جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈرون اور کواڈ کاپٹرز کی فلائنگ کو فوری طور پر روکا جائے اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ حساس عسکری و سول تنصیبات اور عوامی مقامات کے قریب کسی بھی قسم کے ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حدود میں ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔

اگرچہ مراسلے میں کسی مخصوص خطرے کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ سرحدی کشیدگی اور ملک کے مختلف شہروں میں سکیورٹی الرٹ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ فضائی حدود کے ذریعے کسی بھی ممکنہ تخریب کاری کا راستہ روکا جا سکے۔