بلوچستان بھر میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری اور اجتماعات پر مکمل پابندی

کوئٹہ (رم نیوز) حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر فوری طور پر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ صوبے بھر میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے اور ہر قسم کے عوامی اجتماع پر پابندی ہوگی۔

اسلحہ لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں کے کالے شیشوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے سڑکوں پر آنے پر پابندی ہوگی۔ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، ماسک یا مفلر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ شناخت میں دشواری نہ ہو۔حکام کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔