اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کرتے ہوئے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری حساس مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔
ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز کے دستے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں پر مسلسل گشت کر رہے ہیں اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں پر ناکے لگا کر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔
شہریوں کے شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال اور گاڑیوں کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران صورتحال کی براہِ راست نگرانی کے لیے ریڈ زون میں موجود ہیں۔ یہ اقدامات مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال اور ملک میں سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیے گئے ہیں۔