اسلام آباد (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے باعث سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر 'نیشنل سرٹ' (ایمرجنسی رسپانس ٹیم) نے حساس اداروں اور عام صارفین کے لیے ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حکومتی، دفاعی اور مالیاتی اداروں کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز کی جانب سے ڈیپ فیکس اور جعلی خبروں کے ذریعے نفسیاتی جنگ چھیڑے جانے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری اور حساس اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہو سکتے ہیں۔ بینکنگ سسٹمز پر رینسم ویئر اور ویب سائٹس پر ڈی ڈی او ایس حملوں کا خطرہ ہے۔ سپیئر فشنگ کے ذریعے سرکاری ملازمین کا حساس ڈیٹا چوری کرنے کی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ نیشنل سرٹ نے سرکاری ملازمین اور عوام کو فوری طور پر درج ذیل اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔کسی بھی غیر مصدقہ لنک، ای میل یا میسج پر کلک کرنے سے مکمل گریز کریں۔
تمام ایپس اور آپریٹنگ سسٹمز کو فوری اپ ڈیٹ کریں اور ملٹی فیکٹر آتھنٹی کیشن لازمی فعال کریں۔پلے سٹور یا ایپ سٹور کے علاوہ کسی بھی ویب سائٹ سے ایپس ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔تمام آئی ٹی ٹیموں کو فوری طور پر 'تھریٹ ہنٹنگ' اور سیکیورٹی آڈٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے اہم شخصیات کی جعلی ویڈیوز پھیلا کر ہیجان پیدا کیا جا سکتا ہے، لہٰذا شہری کسی بھی خبر کی تصدیق کے بغیر اسے آگے شیئر نہ کریں۔