کویت سٹی(رم نیوز) مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور سکیورٹی خطرات کے پیش نظر، کویت میں امریکی سفارت خانے نے اپنی تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے اسے تاحکمِ ثانی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری کردہ ایک بیان میں امریکی سفارت خانے نے واضح کیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سفارت خانہ فی الحال بند رہے گا اور پہلے سے طے شدہ تمام اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی گئی ہیں۔
متاثرہ افراد کو حالات سازگار ہونے پر نئی تاریخوں کے حوالے سے مطلع کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے ایک ہنگامی ایڈوائزری جاری کی تھی۔ اس الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ خطے میں 'سنگین خطرات' موجود ہیں، لہٰذا امریکی شہری فوری طور پر ان ممالک سے نکل جائیں۔سفارت خانے کی اچانک بندش کو اسی وسیع تر سکیورٹی پالیسی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔