ایران سے مذاکرات میں اب کوئی دلچسپی نہیں، جنگ قیادت کے خاتمے پر ہی رکے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب تہران کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کے حق میں نہیں ہیں اور یہ جنگ ایران کی فوجی طاقت یا موجودہ قیادت کے خاتمے پر ہی ختم ہو سکتی ہے۔

ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہیں اب ایران کے ساتھ مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں شاید کوئی ایسا باقی ہی نہ بچے جو ہتھیار ڈالنے کی بات کر سکے۔ ٹرمپ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا کہ روس کی جانب سے ایران کو دی جانے والی انٹیلی جنس معلومات امریکی تنصیبات کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر روس معلومات دے بھی رہا ہے تو گزشتہ ہفتے کی صورتحال گواہ ہے کہ اس سے ایران کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔

امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ جنگ کا خاتمہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایران کی عسکری صلاحیتیں مکمل طور پر مفلوج ہو جائیں۔انہوں نے یوکرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح امریکہ یوکرین کی مدد کرتا رہا ہے، روس بھی ایران کے لیے ویسا ہی دعویٰ کر سکتا ہے، مگر اس سے موجودہ جنگی نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا۔