ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل، نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ،ٹرافی بھارت کے نام

احمد آباد (رم نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل میں بھارت نے ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی سورماؤں نے کیوی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔ سنجو سیمسن نے محض 89 رنز کی برق رفتار باری کھیل کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔

ایشان کشن (54) اور ابھیشیک شرما (52) نے نصف سنچریاں داغ کر نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کو بے بس کر دیا۔ جیمز نیشم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم وہ رنز کا طوفان روکنے میں ناکام رہے۔256 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں محض 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ٹم سائیفرٹ (52) اور کپتان مچل سینٹنر (43) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بھارتی بولرز کا جم کر سامنا نہ کر سکا۔ جسپریت بمراہ نے اپنی تباہ کن بولنگ سے 4 شکار کیے جبکہ اکشر پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کیوی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔