لندن/واشنگٹن (رم نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے دنیا کی سات بڑی معیشتوں کے گروپ (G7) نے اپنے ہنگامی تیل کے ذخائر مارکیٹ میں لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔'فنانشل ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق G7 ممالک کے وزرائے خزانہ آج ایک اہم اجلاس میں بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA) کے تعاون سے تیل کے ہنگامی ذخائر جاری کرنے کی تجویز پر حتمی مشاورت کریں گے۔
امریکہ سمیت گروپ کے تین بڑے ممالک نے اس تجویز کی حمایت کر دی ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔ اس مشترکہ اقدام کا مقصد ایران جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں ہونے والے ہوش ربا اضافے کو لگام دینا اور عالمی معیشت کو کریش ہونے سے بچانا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر G7 ممالک (امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان) اپنے محفوظ ذخائر مارکیٹ میں سپلائی کر دیتے ہیں، تو اس سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آنے کی توقع ہے۔