مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: بحرین کی سرکاری کمپنی ’بابکو‘ کا معاہدے معطل کرنے کا اعلان

منامہ (رم نیوز)مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور توانائی کی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے باعث بحرین کی سرکاری توانائی کمپنی ’بابکو‘ نے اپنے تمام تجارتی معاہدے معطل کردیئے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور ریفائنری پر ہونے والے حالیہ حملوں کے باعث آپریشنز کو جاری رکھنا قابو سے باہر ہو چکا ہے۔ کمپنی قانونی طور پر ان معاہداتی فرائض سے بری الذمہ ہو گئی ہے جو وہ ان غیر معمولی حالات کی وجہ سے پورے کرنے سے قاصر ہے۔

یہ اہم پیش رفت ایک ایسے نازک وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور فی بیرل قیمت 100 ڈالر کی نفسیاتی حد عبور کر چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیل کی سپلائی میں تعطل سے عالمی سطح پر توانائی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جنگی حالات کے باعث بحری راستوں سے تیل کی ترسیل نہ صرف مشکل بلکہ انتہائی مہنگی ہو گئی ہے۔ بابکو جیسی بڑی کمپنی کے اس فیصلے سے عالمی اسٹاک مارکیٹ اور ایندھن کی قیمتوں پر مزید دباؤ بڑھے گا۔ حالیہ حملوں اور رسد میں کمی نے عالمی طاقتوں اور معاشی ماہرین میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، کیونکہ سپلائی چین میں آنے والا یہ خلل عالمی معیشت کے لیے بڑے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتا ہے۔