کینبرا (رم نیوز ) آسٹریلیا نے ایران کی خواتین فٹبال ٹیم کی پانچ کھلاڑیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے جاری کر دیے ہیں۔ ان کھلاڑیوں نے ایک میچ کے دوران اپنے ملک کا قومی ترانہ پڑھنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں ایران میں 'جنگ کے دور کی غدار' قرار دیا گیا تھا۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کینبرا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی عوام ان خواتین کی حالتِ زار سے متاثر ہوئے ہیں۔
وہ یہاں محفوظ ہیں اور انہیں یہاں اپنے گھر جیسا محسوس کرنا چاہیے۔ آسٹریلوی محکمہ داخلہ نے پناہ حاصل کرنے والی پانچ کھلاڑیوں کے نام جاری کر دیے ہیں، جن میں شامل ہیں زہرا قنبری (ٹیم کیپٹن)، فاطمہ پسندیدہ (مڈ فیلڈر)،زہرا سربالی علیشاہ (مڈ فیلڈر)، مونا حمودی (مڈ فیلڈر)، عاطفہ رمضانی زادہ (ڈیفنڈر) شامل ہیں۔
آسٹریلوی وزیر داخلہ ٹونی برک کے مطابق، ایرانی ٹیم اس وقت 'اے ایف سی ویمنز ایشین کپ 2026' کے سلسلے میں کوئینز لینڈ میں موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی دیگر کھلاڑی گولڈ کوسٹ کے ایک ہوٹل میں مقیم ہیں اور انہیں بھی آسٹریلیا میں قیام کی پیشکش کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایران میں جاری کشیدہ صورتحال کے دوران ان کھلاڑیوں کے احتجاجی اقدام کو حکومت مخالف بیانیہ تصور کیا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق تھے۔