بلدیاتی انتخابات میں تاخیر،وزیر داخلہ محسن نقوی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہو سکے

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مسلسل تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ کمیشن کے سامنے پیش نہ ہو سکے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ کی جگہ سیکرٹری داخلہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

سیکرٹری داخلہ نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے وہ آج ذاتی طور پر حاضر نہیں ہو سکے اور ان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری داخلہ کے بیان پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آج کے لیے وزیر داخلہ کو حاضری سے استثنیٰ دے دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے حکومت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ قانونی تبدیلیوں اور نئی حلقہ بندیوں کی ضرورت کے باعث انتخابات کے شیڈول میں بارہا تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس پر سیاسی حلقوں اور شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔