لاہور(رم نیوز) ایران میں جاری جنگ کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی کلو تک کا بھاری اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ایل پی جی کی ریٹیل قیمت 250 روپے سے بڑھ کر 320 تا 350 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایل پی جی مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ ایران میں جنگی صورتحال کے باعث ایل پی جی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان پایا جا رہا ہے۔ گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹر کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اچانک اس بڑے اضافے نے مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ مارکیٹنگ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں گیس کی قلت دور کرنے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے فوری طور پر روس یا عمان سے ایل پی جی کی درآمد کا متبادل بندوبست کیا جائے۔